لندن/برمنگھم: وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے عوام سے رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بنائے جانے والے ترجمانوں کا ایک اہم اجلاس پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقد ہوا جس کی صدارت ہائی کمشنر ڈاکٹرمحمد فیصل نے کی جبکہ ڈپٹی ہائی کمشنر فیصل مرزا ، فرسٹ سیکرٹری گلانے امامہ اور اعجاز حسین نے ہائی کمشنر کی معاونت کے فرائض انجام دیئے۔
اجلاس میں محسن باری ، شوکت ڈار لندن ، میاں محمد سلیم ریڈنگ ، چوہدری شاہنواز برمنگھم ، خواجہ کلیم الرحمان مانچسٹر اور گلاسگو کے نمائندگان کی جانب سے عوامی رابطوں میں تیزی کا عزم ظاہر کیا گیااور عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔
ہائی کمشنر پاکستان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہبرطانیہ میں کمیونٹی آپس کے اختلافات بھلا کر باہمی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ اور پاکستان کی عزت و سالمیت کیلئےایک ہو جائے، باہمی اتحاد میں ہی ملک کی ترقی و خوشحالی پنہاں ہے۔
اس موقع پر ہائی کمیشن لندن میں کمیونٹی ویلفیئر آفیسر کی تجویز کو فوری عملی جامہ پہناتے ہوئے اعجاز حسین کو کمیونٹی ویلفیئر آفیسر لندن تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اس موقع پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے حاضرین کے مسائل کو سنا اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا برطانیہ میں رہنے والوں کے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گئی اور ہر ممکن عوامی رابطوں کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو چاہئے کہ یہاں رہتے ہوئے برطانوی سیاست کا حصہ بنیں اور اوور سیز پاکستانیوں سمیت وطن عزیز کی نمائندگی کریں۔ وزارت اووسیز کی جانب سے ترجمان مقرر کرنے کا مقصد عوامی رابطوں کو تیز کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن اوراوور سیز پاکستانی کمیونٹی کے درمیان رابطوں کو آسان کرنا ہے ۔
ہائی کمشنر نے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل اور فوکل پرسنز کو ان مسائل کو حل کرانے کیلئے ہائی کمیشن اور قونصلیٹ کے حوالےسے جو رکاوٹیں درپیش تھیں انہیں تفصیل سےسنا اور تجاویز کا تبادلہ کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ فوکل پرسنز جب اور جس جگہ کہیں گے ہم ان کے پاس جائیں گے،ہمارا بھرپورتعاون فوکل پرسن کے ساتھ ہے، ہر اوورسیز پاکستانیز ہمارا سرمایہ ہے، ان کو سہولیات پہنچانا ہمارا فرض ہے، آپ ہمارا ساتھ دیں۔
اس موقع پر ہائی کمشنر نے کمیونٹی کے نام پیغام میں کہا کہ آپس کے اختلافات بھلا کر ایک ہو کر رہیں ،اسی میں پاکستان کی عزت اور وقار ہے۔ پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں کریں۔