جہلم: فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری سے فیملی ممبران کی ملاقات نہیں کروائی جارہی، پنڈدادنخان میں ڈکیتی کا مقدمہ بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے، ڈی پی او سمیت تمام متعلقہ افسران اسکی انکوائری کروائیں، میرے بھائی فواد چوہدری اس دن اسلام آبادمیں ایک دعوت میں شریک تھے۔
سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کے بھائی معروف قانون دان چوہدری فیصل فرید ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری پر جھوٹے بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں۔ کبھی ٹوٹیاں، نلکے چوری کرنے کا مقدمہ ، تو کبھی چارپائیاں اور کھاد کی بوریوں کی ڈکیتی کے مقدمے سمیت من گھڑت مقدمات بنائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے بھی نوٹس بھیج دیا ، اینٹی کرپشن نے بھی نوٹسز بھیجے ہیں ، قصور صرف اتنا ہے کہ فواد حسین چوہدری نے پسماندہ حلقے میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ شروع کررکھا تھا،سابق وفاقی وزیر میگا پراجیکٹ لے کر آئے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ تمام الزامات اور مقدمات جھوٹے ثابت ہوں گے، سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری سے انکی ملاقات نہیں کروائی جارہی اور نہ ہی قریبی فیملی ممبران سے ملاقات کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے ، میں ان مقدمات کو عدالت میں چیلنج کروں گا۔