
پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ اور ماڈل فضاء علی منگلا ڈیم میں ڈوبنے سے بال بال بچ گئیں، انہوں نے کہا کہ ہم سب نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اپنی روداد سناتے ہوئے فضا علی نے بتایا کہ ہم ایک شوٹنگ کے سلسلے میں منگلا ڈیم کے قریب قلعہ رام کوٹ گئے تھے، جہاں سے ہمیں شام سے پہلے واپس نکلنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہاں نکلتے نکلتے ہمیں 6 بج گئے، ہمیں موسم کی صورتحال کا علم نہیں تھا کہ صورتحال اتنی خراب ہوجائےگی، بیچ ڈیم میں پہچتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش ہوگئی اور اس پر ستم یہ کہ پڑوسی ملک نے بھی پانی چھوڑ دیا جس سے منگلاڈیم کا پانی اوور فلو ہوگیا۔
فضاء علی کا کہنا تھا کہ وہ منظر ہم سب کیلئے انتہائی خطرناک تھا یقین نہیں آرہا تھا کہ ہم ڈیم کے کنارے پہنچ بھی پائیں گے یا نہیں، کیونکہ موت ہمارے سر پر کھڑی تھی، ہماری کشتی کسی وقت بھی ڈوب سکتی تھی اس میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد موجود تھے جس میں میری اپنی بیٹی بھی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک اسی طوفان میں پھنسے رہے ساری دعائیں مانگ لی اور کلمے بھی پڑھ لیے تھے، بس اللہ کی رحمت سے زندہ واپس آگئے۔