جہلم

جہلم میں قائم سیلونز ہیپاٹائٹس اور جلد کی موذی امراض پھیلانے کا موجب بننے لگے

جہلم: محکمہ صحت کے حکام کی غفلت و لاپرواہی کے باعث شہر سمیت ضلع بھر میں قائم سیلونز ہیپاٹائٹس اور جلد کی موذی امراض پھیلانے کا موجب بننے لگے۔ ضلع بھر میں قائم باربر شاپس و سیلونز پر صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کسی صورت بھی تسلی بخش دکھائی نہیں دیتے۔

ضلع بھر میں موجود سیلونز پر ہیئر ڈریسرز کا کام کرنے والے عناصر ایک ہی بلیڈ سے کئی کئی افراد کی شیو و اور حجامتیں وغیرہ بنا ڈالتے ہیں اور سیلونز پر موجود تولیے اس قدر میل سے بھرے ہوتے ہیں کہ جن کو چہرے کے قریب کرنا کسی عذاب سے کم نہیں، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اوزاروں کی وجہ سے متعدد شہری ہیپاٹائٹس اور الرجی جیسی موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

محکمہ صحت کے متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے موذی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے سیلونز سے شیو اور فشل وغیرہ کروانے کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کا واویلا تو بہت کیا جاتا ہے مگر انسانی زندگیوں سے بلا تفریق کھیلنے والوں کے خلاف کسی ذمہ دارکا حرکت میں نہ آنا محکمہ صحت کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشا ن ہے۔

ضلع بھر میں ہیپا ٹائٹس جیسے جان لیوا امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ حیران کن ہے اور بیماریوں میں زیادہ تر ایسے افراد بھی شامل ہیں جو کہ یقینا سیلون پر استعمال ہونے والے استرے اور تولیوں کا شکار ہوئے ہیں۔

شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے محکمہ صحت کے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button