پنجاب ٹیچر یونین جہلم اساتذہ کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔ چوہدری راشد محمود
جہلم: فیڈریشن آف پاکستان کی آئینی اکائی صوبہ پنجاب بذریعہ چیف سیکرٹری پنجاب پاکستانی شہریوں (ایجوکیٹرز) کے خلاف غیر آئینی ریاستی جبر کی پالیسی ختم کرکے ” پے اینڈ سروس پروٹیکشن کیس "پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایجوکیٹرز اساتذہ کے بنیادی آئینی معاشی حقوق بحال کروا کر عدالتی حکم کی تعمیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
ان خیالات کا اظہار چوہدری راشد محمود ضلعی صدر پنجاب ٹیچر یونین جہلم نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ٹیچر یونین جہلم اساتذہ کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ہماری تنظیم پنجاب ایجوکیٹر ایسوسی ایشن کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پانچ اکتوبر کو پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج میں بھر پور شرکت کرے گی ہم نے احتجاج کو کامیاب کرنا ہے اور اپنے حقوق کی آواز حکام بالا تک پہنچانی ہے۔
اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری منظور نظامی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے ایجوکیٹرز اساتذہ کو "پے اینڈ سروس پروٹیکشن” نہ دینے کے خلاف "احتجاجی تحریک” کا اعلان کر دیا۔ "5 اکتوبر یوم اساتذہ” کے موقع پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی فرائض سر انجام دیں گے۔ اسی دن دوپہر 1 بجے ضلعی ہیڈکوارٹر کے پریس کلب کے باہر پر امن احتجاج اور ریلی نکالی جائے گی۔
چیئرمین اشفاق حیدر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کے ایک لاکھ سے زائد ایجوکیٹرز جن کو 2009 میں ریگولر کیا گیا تھا ان کی سابقہ سروس اور مراعات کو شامل نہیں کیا گیا۔ جس کی وجہ سے ان ایجوکیٹرز کی تنخواہیں بھی کم ہو گئیں اور سنیارٹی بھی نیچے چلی گئی تھی۔ جس کے لیے عدالت میں کیس دائر کیا گیا۔ سات سال کے بعد 2018 میں عدالت نے ایجوکیٹرز کے حق میں فیصلہ دے دیا کہ ان کو تاریخ تقرری سے مستقل کر کے سابقہ تمام مراعات دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب پانچ سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن حکومت پنجاب کے ایجوکیٹرز کو پے اینڈ سروس پروٹیکشن نہیں دے رہی۔ پنجاب سروس ٹربیونل، ہائی کورٹ، سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت پنجاب لیت و لعل سے کام لے کر توہین عدالت کی مرتکب ہو رہی ہے۔ ان حالات سے مجبور ہو کر اساتذہ نے احتجاج کے لیے قدم اٹھایا ہے۔ جب تک ہمیں "پے اینڈ سروس پروٹیکشن” نہیں دی جاتی ہم احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے۔
اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری چوہدری وحید گجر اور مرکزی سینیر نائب صدر ملک محمد افضل امیر نے خصوصی شرکت کی اور پنجاب ایجوکیٹرز کی دی گئی کال پر لبیک کہا اور انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام اضلاع کے صدورز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ پانچ اکتوبر کو یوم اساتذہ کے دن اساتذہ کالی پٹیاں پہن کر تدریسی فرائض سرانجام دیں گے اور پنجاب ایجوکیٹرز ایوسی ایشن کے ساتھ مل کر پے پروٹیکشن کے حصول تک جنگ جاری رکھیں گے۔