
جہلم: سوشل میڈیا پر بچوں کو اغواء کرنے کی خبریں، والدین سخت ذہنی اذیت میں مبتلا، ضلع بھر کے کسی تھانے میں کوئی کیس رپورٹ نہ ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے چند روز سے سوشل میڈیا پر جھوٹی وبے بنیاد خبر یں پھیلائی جارہی ہیں کہ تعلیمی اداروں کو جانے والے کمسن بچوں کو اغواء کر نے والے گروہ متحرک ہیں اور جہلم سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں سے متعدد بچوں کو اغواء بھی کیا جا چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر پھیلا ئی جانے والی خبروں سے خوف زدہ والدین سخت ذہنی اذیت کا شکار نظر آتے ہیں اور یہ افواہیں بھی زبانِ زدِ عام ہیں کہ سیلاب کی وجہ سے دیگر صوبہ جات سے نقل مکانی کر کے صوبہ پنجاب کے اضلاع اور تحصیلوں میں بسیرا کرنے والے افراد کمسن بچوں کو اغواء کر نے میں مصروف ہیں اور مذکورہ گرو ہوں میں خواتین بھی شامل ہیں جو گھروں میں امداد مانگنے کے بہانے داخل ہو کر ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں اپنا عملی کردار ادا کر رہی ہیں۔
روز بروز افواہوں کا دائرہ وسیع ہونے پر جب مقامی تھانوں سے رجوع کیا گیا تو پولیس کا کہنا تھا کہ شہری افواہوں پرکان نہ دھریں ہم اپنے فرائض سے کسی صورت بھی غافل نہیں اور نہ ہی کسی بچے کو اغواء کئے جانے کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ سنی سنائی خبروں کو پھیلانے کی بجائے دانش مندی کا مظاہرہ کریں اور سوشل میڈیا پر جاری مہم کا حصہ بننے سے گریز کریں۔