جہلم شہر میں چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر کے رکھ دیں

جہلم: اندرون شہر میں چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر کے رکھ دیں، شاندار چوک، ریلوے روڈ، سول لائن روڈ، تحصیل روڈ پر چنگ چی رکشے کھڑے کر کے سارا دن سڑکیں بلاک کردی جاتی ہیں، سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا، منٹوں کا سفر طویل دورانئے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کی سڑکوں پر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے مستقل بنیادوں پر پنجے گاڑھ رکھے ہیں، صبح سویرے چنگ چی رکشوں کی کثیر تعداد اندرون شہر کے چوک چوراہوں میں کھڑے کرکے سواریوں کے چکروں میں سڑکیں بلاک کر دی جاتی ہیں۔
شہر کے چوک چوراہے اور سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں کے راستہ مانگنے پر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز شہریوں کے ساتھ بدتمیزی، گالی گلوچ، لڑائی جھگڑا کرنے پر اترآتے ہیں اس طرح اندرون شہر منٹوں کا سفر طویل دورانئے میں طے ہوتا ہے۔
شہریوں نے ڈی پی او جہلم ،قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر کے چوک چوراہوں ، سڑکوں کو رکشہ ڈرائیور، لوڈر رکشوں اور ریڑھی بانوں سے واگزار کروایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔