یوسی پننوال کے رہائشی چوہدری مدثر ضمیر ٹھوٹھہ نے یوسی چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان کی یونین کونسل پننوال کے گاؤں شیر پور کے رہائشی چوہدری مدثر ضمیر ٹھوٹھہ نے چیئرمین یونین کونسل کا الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ شیرپور سمیت علاقہ بھر سے عمائدین کی حمایت حاصل ہے، چوہدری مدثر ضمیر بیرون ملک اپنا سیٹ اپ ختم کرکے پاکستان منتقل ہوگئے، ملک و قوم کی خدمت کرنے آعادہ کرلیا۔
چوہدری مدثرضمیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ برادری، دوستوں اور عمائدین علاقہ کی مشاورت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے عنقریب باہمی مشاورت سے پارٹی کا بھی اعلان کروں گا کہ کس پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا ہے۔ چوہدری مدثر ضمیر کا کہنا تھا کہ ان پرانے سیاسی پنڈتوں نے علاقہ و ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ نوجوان میدان میں آئیں اور ملک کی باگ ودور سنبھالیں کیوں کہ قائداعظمؒ نے اپنی وصیت میں یہ ملک نوجوانوں کے حوالے کیا تھا مگر افسوس کہ ایک مخصوص طبقہ مسلسل اقتدار میں چلا آ رہا ہے، کونسلر یا چیئر مین یوسی کا الیکشن ہویا ایم این اے، ایم پی اے کا یا اعلیٰ ایوان کا الیکشن ہو وہی لوگ پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو لوٹ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بچانے اور عوامی فلاحی کاموں کے لیے ان سے اب نجات حاصل کرنا ہوگی نوجوانوں کو میدان میں آنا ہوگا۔