حکومت کمرشل بجلی کے بلوں کو تاجر اور سفید پوش طبقے کیلئے ڈراؤنا خواب بنا چکی ہے۔ تاجر برادری

جہلم کے تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کمرشل بجلی کے بلوں کو تاجر برادری اور سفید پوش طبقے کیلئے ڈراؤنا خواب بنا چکی ہے۔ لوگ اپنی چھوٹی موٹی بچتوں، قرضہ لے کر اور گھریلو اشیاء فروخت کرکے بلوں کی ادائیگیاں کرنے پر مجبور ہیں، ہمارے تاجروں اور عوام کی اتنی سکت نہیں کہ یہ بوجھ زیادہ دن برداشت کرسکیں، مارکیٹوں میں ویرانی چھائی ہوئی ہے خریدار بازاروں کا کہاں سے رخ کریں سب کو بجلی کے بلوں میں ہی الجھا کر رکھ دیا گیا ہے۔
تاجر نمائندوں نے کہا کہ سب سے زیادہ یوٹیلٹی بلوں کا بوجھ تاجروں پر ہی ڈالا جاتا ہے، تاجر اپنے ملک کی صنعت اور مارکیٹ کا پہیہ چلانے میں مصروف ہیں ہم سے زیادہ کس کوملکی معیشت کی فکر ہوگی، ہم چاہتے ہیں ملک میں معاشی استحکام ہو مشکل حالات بھی آتے ہیں لیکن سارا بوجھ تاجروں اور غریب عوام پر ڈالنا قطعاً درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کی خاطر ہر وقت قربانی دینے کے لئے تیار ہیں لیکن معاشی چیلنجوں سے نمٹنا ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے ہم سارے ٹیکس ادا کرتے ہیں ملکی معیشت کا پہیہ چھوٹے بڑے تاجرمل کر چلارہے ہیں لیکن جب تاجروں اور سفیدپوش طبقے کی ہی معاشی کمر توڑدی جائے گی تو مارکیٹ میں معیشت کیسے مضبوط ہوگی۔
تاجروں نے مزید کہا کہ آج صورتحال یہ بن چکی ہے کہ گھریلوصارفین پر فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ ،اس پر ٹیکس سیلزٹیکس، ایف سی سرچارج، ٹی آر سر چارج فردر ٹیکس بجلی کی قیمتوں کے برابر اور اس سے زیادہ بل مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہوئی عوام پر ڈالنا ظلم کے مترادف ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ ن لیگ کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں، آمدہ انتخابات میں ن لیگ کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔