فواد چوہدری کا جہلم کا دورہ، للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کو للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبے پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کو منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 13 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس سڑک سے علاقے میں کاروباری سرگرمیوں سمیت کھیوڑہ کان اور قلعہ نندنا جیسے سیاحتی مقامات کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے للِہ تا جہلم ڈوئل کیرج وے منصوبہ آئندہ سال مارچ 2023 میں مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔
منصوبہ کا پہلا فیز للِہ انٹرچینج سے پنڈ دادنخان اور دوسرا فیز مصری موڑ سے بخاری چوک رواں سال جون میں مکمل ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ منڈی بہاؤالدین، جہلم، سرگودھا اور خوشاب کے عوام کی تقدیر بدل دے گا۔