
دینہ میں نجی پٹرول پمپ کے سکیورٹی گارڈ نے مشہور فقیر کو مشکوک جان کر گولی مار دی، فقیر موقع پر جاں بحق، پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھا نہ دینہ پولیس بسلسلہ گشت نزد کوٹلہ ککرالی جی ٹی روڈ دینہ پر موجود تھی کہ بذریعہ 15اطلاع ملی کی سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔ پولیس زیر تعمیر پٹرول پمپ نزد چکوہا پہنچی تو دیکھا کہ ایک نامعلوم شخص کی لاش پڑی ہوئی تھی۔
منیجر پٹرول پمپ قمر عباس نے بتایا کہ پٹرول پمپ کے سکیورٹی گارڈ کوکا خان سکنہ امازئی تحصیل ڈگر ضلع بونیر نے ایک نامعلوم شخص کو مشکوک جانتے ہوئے رائفل 44 بور سے فائر کر کے اسکو ہلاک کر دیا۔
پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو موقع پر گرفتار کر کے رائفل 44 بور برآمد کر لی۔ تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فقیر رضوان سے ہوئی ہے، رضوان ایک مجذوب شخص تھا اور دینہ میں سڑکوں پر گھومتا رہتا تھا۔