
جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں پاکستان مسلم لیگ ن نے عوام کو جھوٹی تسلیوں کے علاوہ کچھ نہیں دیا ،مسلم لیگ ن کے نمائندے پرانی حلقہ بندیوں سے کیوں خائف ہیں نئی حلقہ بندیوں کا کیوں سہارا ڈھونڈا جارہے ہیں ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے، صوبائی اسمبلی کی نشست کم ہوئی اس کیلئے تو حلقہ بندیاں تبدیل ہو سکتی ہیں لیکن قومی اسمبلی کے حلقوں کیلئے حلقہ بندیاں تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو اعلی عدلیہ سے رجوع کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر جہلم سے منتخب ہونے والے نا اہل نمائندوں نے پہلے چکوال اورسرائے عالمگیر کو الگ کروایا اسمبلی میں تالیاں بجاتے رہے اور اب پاکستان تحریک انصاف کی جہلم میں مقبولیت سے پریشان ہو کر حلقہ بندیوں میں ردوبدل کرکے عوام سے بھاگنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ حلقہ این اے63کی عوام عرصہ دراز سے محرومیوں کا شکار ہے متعدد بار حلقہ تبدیل ہو چکا لیکن مسائل جوں کے توں ہیں سیوریج واٹر سپلائی گلیوں نالیوں کا برا حال ہے، گندا اور مضر صحت پانی پینے سے لوگ ہیپاٹائٹس کا شکار ہورہے ہیں۔تعلیم اورصحت کا برا حال ہے، سکولوں میں ٹیچر ہے تو فرنیچر نہیں فرنیچر ہے تو ٹیچر نہیں ، متعدد سکولوں کی چار دیواری نہیں ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور ادوایات کافقدان ہے، بنیادی مرکز صحت ویران پڑے ہیں، پنڈادنخان میں انسان اور حیوان ایک جگہ سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔
فواد چوہدری نے کہاکہ اللہ نے موقع دیا تو عوامی مسائل حل کروائیں گے صوبائی اسمبلی کی کم ہونے والی نشست بھی دوبارہ بحال کروائینگے۔