میاں نسیم کا شعور گرلز ووکیشنل سنٹر مفتیاں کا دورہ، مستحق بچیوں کو سلائی مشینیں اور لیپ ٹاپ فراہم کر دئیے

دینہ: سماجی شخصیت میاں محمد نسیم کا شعور گرلز ووکیشنل سنٹر مفتیاں کا دورہ، یتیم اور مستحق بچیوں کے لئے سلائی مشینیں اور لیپ ٹاپ فراہم کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق فلاحی تنظیم وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن معاشرے میں ہنر کے فروغ اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ اسی سلسلے میں مفتیاں (دینہ) میں شعور گرلز ووکیشنل سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں تین شعبوں میں جدید دستکاری، کمپیوٹر، اور بیوٹیشن کے کورسز انتہائی مناسب فیس میں جبکہ یتیم اور مستحق بچیوں کے لئے تمام کورسز مفت کروائے جا رہے ہیں۔
پہلے بیچ نے اپنے کورسز مکمل کر لئے ہیں ان میں سے چار یتیم اور مستحق بچیوں کے لئے لیپ ٹاپ اور چار ہی بچیوں کے لئے سلائی مشینیں میاں محمد نسیم آف مفتیاں نے اپنے والدین کے ایصالِ ثواب کے لئے مہیا کی ہیں تاکہ یہ بچیاں باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما سکیں۔
اس موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میاں محمد نسیم،سلیم انور کسانہ چیئرمین وسیلہ ویلفئیر فاؤنڈیشن، مہر محمد غیاث، طاہر محمود الحسن، میاں محمد اسرار نے شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میاں محمد نسیم نے شعور گرلز ووکیشنل سنٹر اور وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کی غربت کے خاتمے اور باعزت روزگار فراہمی کے منصوبوں پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی مستحق اور یتیم بچیوں کے لئے تعاون جاری رہے گا۔