سوہاوہ چکوال روڈ سے منسلک جھیک تا چھبر سیداں روڈ سخت ٹوٹ پھوٹ کا شکار

پڑی درویزہ: سوہاوہ چکوال روڈ سے منسلک جھیک تا چھبر سیداں روڈ سخت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ۔ ممبر ان قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈی سی ضلع جہلم سے سڑک کی مرمتی کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق32سال قبل 1985ء میں سابق وزیر اعظم پاکستان محمد خان جونیجو مرحوم کے پانچ نکاتی پروگرام کے تحت اور سابق ایم پی اے و صوبائی وزیر محنت راجہ محمد خالد خان کی کاوش سے تعمیر ہونے والی سوہاوہ چکوال روڈ سے منسلک جھیک تا چھبر سیداں روڈ سخت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ سڑک کے اطراف میں تعمیر گھر مالکان کی لاپرواہی کی وجہ سے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا اس کھلے پانی کی زد میں آنے والے حصے سخت متاثر ہو چکے ہیں ۔
یونین کونسل پھلڑے سیداں کے چیئر مین سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ ، وائس چیئر مین ملک نصیر احمد اعوان اور دیگر سماجی شخصیات نے ایک مشترکہ بیان میں ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 62چوہدری خادم حسین، ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری راجہ اویس خالد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے والد مرحوم کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے جھیک تا چھبر سیداں روڈ کی مرمتی کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرائیں اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے بھی سڑک کی ناگفتہ بہ حالت پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔