دینہ: فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اہل سنت و اہل تشیع کی مشترکہ ریلی، اسرائیل مردہ آ باد کے نعرے ۔
تفصیلات کے مطابق اہل تشیع اور اہل سنت مکاتبِ فکر ہڈالہ سیداں تحصیل دینہ کے زیر اہتمام ایک مشترکہ عظیم الشان ” حامیان مظلومین فلسطین ریلی” کا انعقاد کیا گیا،جس میں انجمن امامیہ سادات ہڈالہ سیداں کے علاوہ دیگر اہل سنت کے راہنماؤں، کارکنان، خواتین اور بچوں سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز جامع مسجد صاحب الزمان ہڈالہ سیداں سے دن دو بجے مولانا محمد باقر حیدری خطیب مسجد و سید نجم الحسن رضوی، سید وسیم حیدر جعفری و دیگر مقامی راہنماؤں کی زیر قیادت ہوا۔ ریلی منگلا روڈ سے ہوتی ہوئی مین چوک جی ٹی روڈ دینہ پر پہنچ کر ایک بڑے جلسہ کی صورت اختیار کر گئی جہاں جماعت اسلامی ضلع جہلم کے امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری و کارکنان جماعت اسلامی اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی ریلی میں شامل ہوگئی۔
اس موقع پر مولانا محمد باقر حیدری، ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری و دیگر راہنماؤں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم سہنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود امت مسلمہ کے قلب میں خنجر کی مانند ہے مگر 57 اسلامی ممالک ھونے کے باوجود نہتے و مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے ظلم و بربریت پر سوائے ایران کے دیگر تمام اسلامی ممالک کی خاموشی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اقوام عالم ہر فرد پر واجب ہے کہ وہ فلسطین پر اسرائیل کے ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کرے۔
ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی اور امریکہ و اسرائیل کے پرچموں کو بھی نذر آتش کیا۔