پنڈدادنخان

چکوال کے 2 نوجوان ہونہار بھائیوں نے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نئی تاریخ رقم کر دی

پنڈدادنخان: چکوال سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان ہونہار بھائیوں نے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نئی تاریخ رقم کر دی، ظاہر محمود اور جمال احمدکی اس شاندار کامیابی پر علاقہ بھر کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے بیسویں سالانہ کانووکیشن کے موقع پر ایک ساتھ رول آف آنر وصول کیا جو اس یونیورسٹی کی تاریخ کا پہلا موقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع چکوال کے دو بھائیوں ظاہر محمود اور جمال احمد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے بیسویں سالانہ کانووکیشن کے موقع پر ایک ساتھ رول آف آنر وصول کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، گورنمنٹ کالج کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی کانووکیشن پر دو بھائیوں کو ان کی شاندار ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے اعزاز میں گورنمنٹ کالج کے سب سے بڑے ایوارڈ رول آف آنر سے نوازا گیا۔

ظاہر محمود گزشتہ دس سال سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم رہے اور اس رول آف آنر کے علاوہ ایک اور رول آف آنر، 3 سرٹیفیکیٹس آف ڈسٹنکشن اور چار سرٹیفکیٹس آف میرٹ حاصل کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے کیمسٹری میں ایم فل کی ڈگری مکمل کی ہے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی نے فارسی زبان و ادبیات میں آنرز کیا اور ایک رول آف آنر کے ساتھ 3 سرٹیفکیٹس آف ڈسٹنکشن اور 3 سرٹیفکیٹس آف میرٹ حاصل کیے۔

جمال احمد نے اپنی ڈگری وصول کرنے سے پہلے ہی فارسی لیکچرر شپ کے امتحان میں پنجاب بھر میں ٹاپ کر کے نوعمر ترین ٹاپر ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔ ظاہر محمود کو اس کانووکیشن پہ ”پطرس” کے سو سالہ خصوصی شمارے کی اشاعت پر رول آف آنر سے نوازا گیا جبکہ جمال احمد کو مجلس صوفی تبسم کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دینے اور فارسی کی انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کروانے پر رول آف آنر سے نوازا گیا۔

ظاہر محمود اور جمال احمد کی اس شاندار کامیابی پر علاقہ بھر کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button