جہلم

جہلم کی سڑکوں پر بے تحاشہ وزن کے ڈمپرز نے کارپٹ سڑکیں تباہ کرنی شروع کر دیں

جہلم: اندرونِ شہر کی سڑکوں پر بے تحاشہ وزن کے ڈمپرز نے اربوں روپے سے تیار کارپٹ سڑکیں تباہ کرنی شروع کر دیں، نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں کئی جگہوں پر زمین بوس ہونے لگیں، ڈمپرز کے بے تحاشہ وزن نے سڑکوں پر گڑھے بنانے شروع کر دیئے۔ ٹریفک پولیس، سیکرٹری ڈی آرٹی اے ، تھانہ صدر سول لائن ، تھانہ سٹی پولیس کی بھی نا اہلی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوجائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے رواں ماہ اندرون شہر کی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرکے اس کی اطلاع متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو کر دی لیکن ٹریفک پولیس ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، تھانہ صدر، تھانہ سٹی ، تھانہ سول لائن پولیس کی ملی بھگت کیوجہ سے رات ہوتے ہی ڈمپرز کی سڑکوں پر لائنیں لگ جاتی ہیں جس کیوجہ سے نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں، محض چند ہفتے قبل تعمیر ہونے والی کارپٹ سڑکیں جگہ جگہ سے زمین بوس ہو رہی ہیں ، جبکہ بیشتر مقامات پر گڑھے بننا شروع ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے ، انتظامیہ اپنے کئے ہوئے احکامات پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم ڈاکٹر فہد احمد، ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی داخلی و خارجی سڑکوں پر بیرئیر نصب کئے جائیں تاکہ بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ نہ ہو سکے اور اندرون شہر اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button