لائیو سٹاک تحصیل سوہاوہ کے زیر اہتمام یوسی نگیال میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک کا انعقاد

سوہاوہ: لائیوسٹاک تحصیل سوہاوہ کے زیر اہتمام یونین کونسل آفس نگیال ڈومیلی میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کے مویشی پال حضرات نے بھر پور شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد کاشف ویٹرنری آفیسر محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کو ڈینگی بخار اور جانورں کی لمپی سکن بیماری کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی اور اس بیماری کے پھیلاؤ کا سبب بننے والی چیچڑیوں، مکھیوں اور مچھروں کے سدباب کے لئے جانوروں کے باڑوں اور جانوروں پر سپرے کرنے کی تاکید کی۔
اس کے علاوہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے تاکید کی گئی کہ پانی کی ٹینکی اور دیگر برتن اور ٹب وغیرہ ڈھانپ کر رکھیں اور فارم، ڈیرے پر کسی صورت پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ تمام مویشی پال حضرات کو چیچڑ، مکھی مار سپرے اور بیمار جانوروں کے علاج معالجہ کے لیئے ادویات فراہم کی گئیں۔
ڈاکٹر کاشف نے مزید بتایا کہ لمپی سکن صرف گائے اور بھینسوں کی بیماری ہے اور انسانوں کے متاثر ہونے کا بالکل کوئی امکان نہیں ہے، اس بیماری سے متاثرہ جانوروں کا دودھ اور گوشت انسانی استعمال کے لیے سو فیصد محفوظ ہے لہٰذا مویشی پال حضرات سنی سنائی باتوں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی من گھڑت اور بے بنیاد افواہوں پر ہرگز دھیان نہ دیں۔