آئیسکو صارفین کو بروقت بجلی کے بل نہ پہنچنے پر صارفین کو جرمانے کے ساتھ بجلی کے بل ادا کرنے پڑے

جہلم: آئیسکو واپڈا سرکل جہلم کے ذمہ داران کی نااہلی، اربن سب ڈویژن میں صارفین کے گھروں میں بروقت بجلی کے بل نہ پہنچنے پر صارفین واپڈا کو جرمانے کے ساتھ بل ادا کرنے پڑے، صارفین کا وفاقی وزیر پانی و بجلی سے نااہلی کے مرتکب واپڈا افسران و اہلکاروں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو واپڈا اربن سب ڈویژن کے اہلکار بجلی کے بل صارفین کے گھروں میں بروقت تقسیم نہ کر سکے، جس کی وجہ سے صارفین کو جرمانے کے ساتھ بجلی کے بل جمع کروانے پڑے۔
صارفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او اور ماتحت عملے کی عدم توجہی و غفلت کے باعث گھروں میں بروقت بجلی کے بل تقسیم نہیں کرتے جس کی وجہ سے واپڈا ملازمین کی کوتاہی کی سزا صارفین کو بھگتنا پڑتی ہے۔
صارفین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وفاقی محتسب کو بھی رجو ع کر رہے ہیں کیونکہ ایک سب ڈویژن میں 15 ہزار سے زائد صارفین ہوتے ہیں جن سے گزشتہ ماہ واپڈا نے جرمانے کی مد میں لاکھوں کروڑوں روپے اینٹھ لئے ہیں جبکہ بلوں کی بروقت ترسیل واپڈا کی ذمہ داری ہے ۔