جہلم کی عوام مسلم لیگ (ن) سے نالاں، پی ٹی آئی لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا
جہلم: تحریک انصاف کا لانگ مارچ لاہور سے شروع ہو چکا ہے اگر ہم ضلع جہلم کی بات کریں تو پی ڈی ایم کی حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات ،، بجلی، سوئی گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ، موبائل کار ڈ چارج پربھاری کٹوتی کی بدولت شہری ن لیگ کے سخت خلاف ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے عوام عملًاپاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلع جہلم پر 2018 سے قبل تک مسلم لیگ (ن) کی حکمرانی رہی ہے، مسلم لیگ ن نے ضلع جہلم کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضلع بھر میں سڑکوں کے جال بچھا دیئے ہیں، جن علاقوں میں بجلی کی سہولت میسر نہیں تھی ان علاقوں میں بجلی مہیا کی گئی ، ضلع بھر کے مڈل سکولوں کو ہائی اور ہائی سکولوں کو انٹر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلع جہلم کی پسماندہ تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ لِلہ سے جہلم 128 کلو میٹر 2 رویہ سڑک کی منظوری دی جس پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے ۔ تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ٹوبہ میں ٹراما سینٹر ، ضلعی ہیڈ کوارٹر جہلم میں ٹراما سینٹر پکھوال کے مقام پر وچلہ بیلا کے مکینوں کی مشکلات کو ختم کرنے کے لئے پل کی تعمیر ، سنگھوئی چوٹالہ سمیت علاقہ بائی دیس کے عوام کو کم وولٹیج کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے 32 کے وی گریڈ اسٹیشن کا قیام فواد چوہدری کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے بنیادی مراکز صحت میں ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی تعیناتی ، ضلعی کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرتے ہوئے درجنوں ڈاکٹرز کی بھرتیاں ، تحصیل سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کا قیام ، تحصیل دینہ میں بڑاں گراں کے مقام پر پل کی تعمیر ، جہلم لوٹا موڑ تا بخاری چوک سڑک کی تعمیر، اندرون شہر جادہ تا شاندار چوک ، میجر اکرم شہید روڈ تا ضلع کچہری سڑک کی تعمیر جیسے اہم منصوبے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد حسین چوہدری کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ساڑھے 3 سالوں میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ضلع جہلم کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ، حکومت کی تبدیل کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کے حکمرانوں نے ڈیول کیرج وے کے فنڈز منجمد کرکے ضلع جہلم کے عوام کے دل زخمی کئے جس کیوجہ سے ضلع جہلم کی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) سے سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے آذادی مارچ کے شرکاء جب جہلم کی سرزمین پر پہنچیں گے تو عوام کا جم غفیر تحریک انصاف کے ساتھ شامل ہو کر پی ڈی ایم کی حکومت سے حقیقی آذادی حاصل کرنے کے لئے اپنے محبوب قائد عمران خان کے شانہ بشانہ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔