متاثرین سیلاب کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر ملک نور زمان

پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان ملک نور زمان نے مرکزی امدادی کیمپ سیلاب متاثرین کا دورہ کیا، اے سی پنڈدادنخان نے لوگوں سے بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لینے کی اپیل کی اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملک نور زمان نے انجمن تاجران اور میڈیا نمائندگان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر اے سی پنڈدادنخان ملک نور زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے، پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، متاثرین سیلاب کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان سے امدادی سامان خوارک ٹینٹ دیگر اشیاء متاثرین کو جلد بھجوائی جائیں گی، سیلاب متاثرین کی امداد تحصیل پنڈدادنخان کے لوگوں پر ادھار ہے، 1992ء کے تباہ کن سیلاب میں پورے پاکستان نے تحصیل پنڈدادنخان کے لوگوں کی بھرپور مدد کی تھی۔