جہلم میں قائم غیر رجسٹرڈ درجنوں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہری حلقے

جہلم: شہری تنظیموں کے عمائدین نے ضلع بھرکی حدود میں قائم غیر رجسٹرڈ درجنوں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو غیر قانونی قرار دینے اور ان کے مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں تحصیل پنڈدادنخان ، تحصیل دینہ،اور تحصیل سوہاوہ، تحصیل جہلم میں قائم درجنوں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے شہری تنظیموں کے عمائدین نے بااثر سوسائٹی مالکان کے خلاف صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے تحصیل جہلم، تحصیل دینہ کے علاقوں میں قائم غیر رجسٹرڈ سوسائٹیوں جن میں سٹی ہاؤسنگ بشمول ایفل ٹاؤر، واقع موضع لنگر پور، ڈھوک منور، مالدیو، موہال ( تحصیل دینہ) ، ڈائسنگ فاؤنٹین بلاک، ہائیڈ پارک ،پرل گلوبل دینہ، منگلا گرین، ہل ویو پلاٹنگ جہلم، مڈٹاؤن، سٹار سٹی دینہ شامل ہیں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر نا شروع کررکھا ہے، جس کی وجہ سے بااثر سوسائٹیز مالکان سوشل میڈیا اور میونسپل کمیٹیوں کی سرپرستی میں تشہیر جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح سادہ لوح افراد کو روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں ، کروڑوں روپے کا چونا لگایا جا رہاہے۔
شہری تنظیموں کا کہنا ہے کہ سوسائٹیز مالکان کے اس عمل سے جہاں شہریوں کی جیبوں کا صفایا کیا جارہاہے دوسری جانب قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان پہنچایا جارہاہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ متعلقہ ذمہ داران آئیسکو سرکل جہلم، آئیسکو سرکل چکوال، محکمہ سوئی گیس کو تحریرکی خط لکھیں کہ غیر قانونی سوسائٹیوں کے اندر کسی قسم کی سہولیات فراہم نہ کی جائیں تا کہ شہریوں کو سبز باغ دکھانے والے سوسائٹیز مالکان کے اصل چہرے عوام کے سامنے آسکیں۔
تنظیموں کے عمائدین نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے فرض شناس ، ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔