ضلع جہلم میں یکم ستمبر کو بین الاقوامی دن برائے خواندگی منایا جائے گا

جہلم: حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع جہلم میں یکم ستمبر کو بین الاقوامی دن برائے خواندگی منایا جارہا ہے جس کا بنیادی مقصد عوام الناس میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے صوبائی اور ضلعی سطح پر خواندگی و غیر رسمی تعلیم کو عام کرنے کے لیے 2002 سے نان فارمل سکول قائم کر رکھے ہیں، جس میں 5سال تا 14 سال کے بچوں کو عرصہ ساڑھے تین سال میں پانچویں جماعت تک تعلیم دلواکر انہیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں مین سٹریم کر رہے ہیں۔
ضلع جہلم میں لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام 326 سکولز بچوں کے لیے قائم کیے گئے ہیں جن میں 8000 سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں، اس کے علاوہ تعلیم بالغاں کے لیے 23 مراکز بھی قائم کیے گئے جن کی شرح عمر 17سال سے لے کر زائد عمر تک ہے۔
اسی طرح ڈسٹرکٹ جیل میں مقیم قیدیوں کو بنیادی اردو، انگریزی اور ریاضی کا نصاب 6 ماہ تک کیلئے پڑھایا جاتا ہے جس کے بعد ان کو خواندہ یعنی پڑھا لکھا شمار کیا جاتا ہے۔
اس دن کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ضلع جہلم میں 10 روزہ تقریبات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ یکم ستمبر کو ضلع کونسل ہال میں اسی سلسلہ میں آگاہی سیمینار کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔