مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کیلئے علی رضا سید کا نمایاں کردار ہے، مقررین

برسلز: چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کو انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر ان کے اعزاز میں یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں تقریب پذیرائی منعقد ہوئی۔

تقریب کا انعقاد پی پی سی بلجیم اور دیگر یورپین پاکستانی سماجی تنظیموں بشمول اتفاق ویلفیئر سوسائٹی بلجیم، ای یو پاک بلجین فیڈریشن، پاک بلج ویلفیئر ایسوسی ایشن اور پاکستان سوشوکلچرل ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تقریب میں یورپ میں مقیم متعدد پاکستانیوں اور کشمیریوں نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت معروف سکالر اور تاریخ دان ڈاکٹر اسلم سید نے کی اور نظامت کے فرائض پی پی سی بلجیم کے صدر چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیئے انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر شرکاء نے علی رضا سید کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب کے مقررین میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو کے علاوہ، ڈاکٹر اسلم سید، سردار صدیق، سردار محمود اقبال، چوہدری زاہد بھدر، شکیل گوہر، ندیم بٹ دانی، راؤ مستجاب احمد ، حافظ انیب راشد، کینتھ رائے، ملک اجمل حاجی پرویز، عمران مرزا، ناصر چوہدری اور عزیر چوہدری شامل تھے۔

مقررین نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کیلئے جدوجہد خصوصاً یورپ میں مظلوم کشمیریوں کے حقوق کو اجاگر کرنےکیلئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی گذشتہ 20سالہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا سید نے یورپ کے تمام اداروں خاص طور پر یورپی پارلیمنٹ اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس اور یورپی سیاستدانوں اور یورپی حکام کو مسئلہ کشمیر اور خصوصاً کشمیریوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کرنے کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مقررین نے کہاکہ علی رضا سید اور ان کے ٹیم نے پچھلی دو دہائیوں میں یورپ کے مختلف ملکوں میں عوامی سطح پر آگاہی مہم کے دوران بے شمار کیمپس لگائے، جلوس نکالے اور مظاہرے کئے اور یورپ بھر میں یک ملین دستخطی مہم کے ذریعے یورپی عوام کو مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور کشمیریوں کے حق میں یورپ کی حمایت حاصل کرنے کوشش کی۔

اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے تقریب پذیرائی کے انعقاد پرپی پی سی بلجیم اور دیگر میزبان تنظیموں کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت گذشتہ 76برس سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو غصب کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں روکاٹیں پیدا کررہا ہے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل عام و قید وبند، ٹارگٹ کلنگ، جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو جان سے مارنے، جبری گمشدگی، خواتین کی بے حرمتی اور انسانیت کے خلاف دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ اب تک بھارت جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے آبادی کے تناسب کو کم کرنے کیلئے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سمیت مزید اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرچکا ہے۔

علی رضا سید نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئےہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

یاد رہے کہ ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے گذشتہ ماہ اسلام آباد میں اپنی سالانہ ایوارڈ تقریب کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوقِ کیلئے خدمات خاص طور پر مظلوم کشمیریوں کے حقوق اجاگر کرنے کیلئے یورپ میں جدوجہد پر انہیں انسانی حقوق کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button