جہلم

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہری اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری

جہلم: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں شہری اپنی صحت کا خیال رکھیں، کھانے پینے کی اشیاء میں احتیاط برتیں۔ سحری اور افطاری میں اپنی خوراک کا خاص خیال رکھتے ہوئے شوگر کے مریض ٹھنڈے مشروبات پینے سے پرہیز کریں۔ نمکین اور آئل والی چیزوں سے بچیں ، مناسب ورزش کو معمول بنا لیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفدسے افطاری کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہری صحت مند سرگرمیوں کو اپنائیں ،سادہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ، موبائل کی سرگرمیوں کو ترک کرتے ہوئے اپنی فیملیز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں، خود کو صحت مند رکھنے کے لئے سلاد، لسی اور لیموں پانی کا استعمال کریں، تمباکو نوشی اور میٹھے مشروبات جو دل کی بیماریوں اور اس سے متعلقہ بیماریوں کی بڑی وجہ بنتیں ہیں کے استعمال سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری میں مقصد صرف بھوک مٹانا نہیں ہونا چاہیے بلکہ معتدل خوراک کے استعمال سمیت سبزیوں ، پھلوں ، دہی کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے ، شوگر ، السر و کینسر کے مریض اپنے معالج سے مشورہ کرکے روزہ رکھیں، تلی ہوئی چیزوں کا استعمال دل کے امراض کا باعث بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سارا دن روزہ کے باعث آنتیں سکڑ جاتی ہیں اس لئے پھلوں کے مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے ، روزہ جہاں صبر کی تلقین کرتا ہے وہیں یہ ان افراد کے لئے بہت مفید ہے جو سگریٹ نوشی کرتے ہیں ، رمضان میں سگریٹ نوشی سے چھٹکارہ حاصل کرنا انتہائی آسان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button