رکشوں پر اشیاء فروخت کرنے والوں نے ٹریفک کے آمدورفت کے مسائل پیدا کر دئیے

جہلم: موٹرسائیکل رکشوں پر سٹال سجا کر فروٹ، سبزیاں وغیرہ فروخت کرنے والوں نے ٹریفک اور شہریوں کو آمدورفت کے مسائل پیدا کر دئیے۔
موبائل فروٹ فروشوں نے شہر کی اہم سڑکوں کے دونوں اطراف اور بازاروں میں جا بجا لوڈر رکشے کھڑے کر کے اپنا دھندہ شروع کر رکھا ہے۔
شہر کی اہم سڑکوں میجر اکرم شہید روڈ، مشین محلہ روڈ، جادہ روڈ، سول لائن روڈ، ریلوے روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ سمیت کچہری چوک، محمدی چوک، چوک گنبد والی مسجد، شاندار چوک ، جادہ چوک، روہتاس روڈ چوک پر لوڈر رکشہ موبائل شاپ کی پوری دسترس میں ہیں دیگر سڑکوں کی حالت بھی اس سے مختلف نہیں جس وجہ سے نہ صرف لوگوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فروٹ فروشوں کی جانب سے سڑکوں اور بازاروں میں پھینکے گئے کیلوں اور دیگر فروٹ وغیرہ کے چھلکوں پرسے گزرتے ہوئے شہری پھسل کر گرتے اور شد ید مضروب ہوتے دکھائی دیتے ہیں میونسپل کمیٹی کا شعبہ انکروچمنٹ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔