سیلاب؛ طلب و رسد کا نظام بری طرح متاثر، سبزیوں اور فروٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

جہلم: ملک میں بدترین سیلاب کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچا جس سے کاشتکاروں کو اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا اس صورت حال سے مارکیٹ میں طلب و رسد کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے سبزیوں اور فروٹ کی قیمتوں میں من مانے اضافے سے پہلے ہی بجلی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی ستائی قوم پر ایک اور عذاب مسلط کر دیا گیا۔
اس وقت مارکیٹ میں پیاز ٹماٹر آلو وغیرہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے، ستم یہ ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی سرکاری ریٹ لسٹ شہریوں کے ساتھ سنگین مذاق سے کم نہیں، جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق صارف کو شاید ہی کوئی چیز ملتی ہوا گر کوئی اس لسٹ میں درج قیمتوں پر خریداری کے لئے اصرار کرے تو اس گاہک کے ساتھ دکانداروں کی طرف سے انتہائی ہتک آمیز رویہ اپنایا جاتا ہے اور شاطر دکاندار خراب اشیاء تھما دیتے ہیں۔
دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر زمینی حقائق کے برعکس ایسی سرکاری ریٹ لسٹ تیار کی جاتی ہے جس پرعمل درآمد نہیں کیا جاسکتا۔ سوروپے میںمنڈی سے خریدی گئی اشیاء کئی گنا مہنگی فروخت کی جاتی ہیں جس کے لئے کوئی چیک اینڈ بیلنس کا نظام موجود نہیں جس کیوجہ سے دکانداروں نے اپنی الگ ریاست قائم کررکھی ہے ۔
صارفین کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات نوٹس لیکر مہنگی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کروائیں تاکہ شہریوں کو حکومت پنجاب کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء دستیاب ہو سکیں ۔