جہلم: این ایچ اے کی عدم توجہی ، جی ٹی روڈ مجاہد آباد کے مقام پر قائم اوور ہیڈ برج کے جوڑوں سے ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث بجری اور لوہے کی پٹیاں باہر نکل آئیں۔
اوور ہیڈ برج پر جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل سوار، رکشہ ویگن اور دیگر چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ہزاروں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے اور درجنوں افراد زخمی ہو رہے ہیں۔
گاڑیوں کے ٹائر پھٹ رہے ہیں، بڑی گاڑیوں کے ایکسل ٹوٹ جاتے ہیں، متعدد بارنیشنل ہائی وے انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی لیکن این ایچ اے انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔
دوسری جانب اوور ہیڈ برج پر نصب کئے گئے آہنی چادریں بھی عدم توجہی کے باعث غائب ہوچکی ہیں جبکہ پل کے دونوں اطراف سٹریٹ لائٹس چالو نہ ہونے کی و جہ سے رات کے اوقات میں حادثات معمول بن چکے ہیں۔
ٹرانسپورٹرزسمیت شہریوں نے این ایچ اے کے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی روڈ مجاہدآباد پل کے جوڑوں کو مرمت کیا جائے اور گڑھوں میں پیچ ورک کروایا جائے اور پل کے جوڑوں میں لوہے کی نئی پٹیاں نصب کی جائیں اور پل کے دونوں اطراف نصب سٹریٹ لائٹس چالو کروائی جائیں تا کہ شہری روزانہ ہونے والے حادثات اور مالی نقصانات سے بچ سکیں ۔