سوہاوہ: سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد دکانداروں سے کیا گیا وعدہ پورا کریں۔ اے سی آفس میں شہریوں سے رشوت لوٹ مار اور بدمعاشی کی شکایات کا ازالہ کروائیں۔ اہلیان سوہاوہ
تفصیلات کے مطابق اہلیان سوہاوہ نے آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ایم پی اے کا الیکشن لڑنے والے امیدوار راجہ محمد اویس خالد سے کچھ عرصہ قبل ملاقات میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کے آفس پر قبضہ کرنے والے اور خود کو اے سی سوہاوہ سمجھنے والے کلرک کے خلاف شکایات کے انبار لگائے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم سے خود ملاقات کر کے اے سی آفس میں رشوت خوری بدمعاشی اور شہریوں سے ہتک آمیز رویے کی شکایت کی جس پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے یقین دہانی کروائی کہ کلرک کے خلاف نہ صرف انکوائری ہو گی بلکہ اس کا فی الفور تبادلہ کیا جائے گا۔
لیکن یقین دہانی کے باوجود تبادلہ نہ ہونے پر کلرک کی طرف سے مزید شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ مزید بڑھ گیا اور کھلے عام درخواستوں پر شہریوں سے رشوت طلب کی جاتی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ صرف ایک سے دو گھنٹے کے لیے دفتر آتے ہیں جس کی وجہ سے سائلین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
اس پر ایم پی اے راجہ اویس خالد نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ جلد کمشنر راولپنڈی سے اس حوالے سے بات کریں گے اور ایسے کرپٹ ملازم کو فی الفور تحصیل بدر کروائے گے لیکن ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود تاحال کلرک کا تبادلہ ممکن نہ ہو سکا۔