جہلم: ملکی معیشت میں بہتری کے اثرات عوام تک پہنچانے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا کردار اہم ترین ہے، حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ریلیف عوام تک منتقل کرنے میں روکاوٹ بننے والے عناصر اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف معاشی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنا اور سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں پر اشیا خوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے تمام پرائس مجسٹریٹ دن رات کام کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔
اجلاس میں گزشتہ عشرے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس پر ڈی سی جہلم کیپٹن ر سمیع اللہ فاروق نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام تحصیلوں میں ہر مارکیٹ میں قیمتوں پر نظر رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔