جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور کرایہ جات میں نمایاں کمی کے بعد مسافروں کو ریلیف فراہم کرنا ضروری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ جات ہی وصول کئے جائیں زائد کرایہ جات وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے جنرل بس اسٹینڈ جہلم اور دینہ کا دورہ کرتے ہوئے مسافروں سے کرایوں بارے معلومات حاصل کیں اور ان کو ہدایت کی کہ وہ صرف مقرر کردہ کرایہ جات ہی ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اڈہ جات پر سرکاری کرایہ جات کی لسٹیں لگائی گئی ہیں جبکہ گاڑیوں پر بھی اس کے روٹ کے مطابق کرایہ درج ہے اگر کوئی گاڑی مالک زیادہ کرایہ وصول کرئے تو فوری طور پر سیکرٹری آر ٹی اے یا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو شکایت کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اڈہ جات پر مسافروں کے لئے بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کا بھی حکم دیا۔