دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر مسافروں سے بھری ہائی ایس میں گیس لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی ، گاڑی میں بیٹھے مسافروں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں ، گاڑی کے تمام مسافر محفوظ رہے ریسکیو 1122نے آگ پر قابو پایا جبکہ گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، دینہ کے قریب جی ٹی روڈ چکوہا کے مقام پر گجرات سے راولپنڈی جانے والی مسافروں سے بھری ہائی ایس نمبری LES-8844میں اچانک گیس لیکیج کے باعث سلنڈر پھٹ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے بلند شعلوں نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
گاڑی میں بیٹھے مسافروں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں ، گاڑی میں بیٹھے تمام مسافر محفوظ رہے جبکہ گاڑی ڈرائیور محمد شہباز موقع سے فرار ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122پہنچ گئی اور گاڑی میں لگی آگ کو قابو پایا جبکہ گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا ، اطلاع پر پولیس بھی پہنچ گئی ۔