جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں، ہر حال میں الیکشن لڑیں گے۔ فواد چوہدری

جہلم: فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں، اللہ سب دیکھ رہا ہے وہ بہتر کرے گا۔ جہلم کے پسماندہ ترین حلقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے حلقے میں سڑکوں کا جال بچھایا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عدالت پیشی کے موقع پر جہلم پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ للِہ تا جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کروایا جوپی ڈی ایم کی حکومت میں سیاست کی نذر ہوگیا۔ جہلم سے مسلم لیگ(ن) کے کسی عوامی نمائندے نے اس منصوبے کے فنڈز جاری کروانے کے لیے قیادت سے بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پنڈدادنخان کے علماء کرام اور ان ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے للِہ تا جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر کے لیے آواز حق بلند کی۔ انشاءاللہ تعالی ہر حال میں الیکشن لڑیں گے چاہے جیل سے ہی کیوں نہ لڑنے پڑیں، عوام ووٹ کی طاقت سے للِہ تا جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر روکنے کا بدلہ لیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حالات بدل گئے لیکن پاکستانی سیاست آج تک نہیں بدلی۔ انتقام، بغض، جھوٹے مقدمات، گرفتاریاں یہ مسائل کا حل نہیں ہے۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو چالیس پچاس سالہ طرز سیاست کو ترک کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ منتخب ہو کر اپنے حلقے میں تعمیروترقی کے سفر اس جگہ سے شروع کریں گے جہاں سے رجیم چینج کے بعد ترقیاتی منصوبے روک دئیے گئے تھے۔ للِہ تا جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر اور جلالپورشریف تاکندووال نہر کے منصوبے اس حلقہ میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئیں گے۔

یاد رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

دوران سماعت، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن فرد جرم پر اعتراض کیا۔ وکلاء نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لیے توہین عدالت کارروائی نہیں کر سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں یہ کارروائی نہیں کر سکتا، توہین عدالت صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کارروائی کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button