نئی تعمیر ہونے والی جہلم شہر کی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد نہ ہو سکی

جہلم: ضلعی انتظامیہ کی ڈیل یا ڈھیل، نئی تعمیر ہونے والی شہر کی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائدنہ ہو سکی، کروڑوں روپوں کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکیں زمین بوس ہونے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ، موٹر وہیکل ایگزمینر اور ڈی ایس پی ٹریفک کی مبینہ غفلت کی وجہ سے اندرون شہر کی سڑکوں پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر عائد پابندی پر عملدرآمد نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے اندرون شہر میں نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں زمین بوس ہونا شروع ہو چکی ہیں۔

دن اور رات کے اوقات میں تیز رفتارلوڈرز، ڈمپر، ٹرک،ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے جس کی وجہ سے جادہ چوک تا اولڈ جی ٹی روڈ، میجر اکرم شہید روڈ، کچہری روڈ، ڈھوک جمعہ روڈ گڑھوں میں تبدیل ہو رہی ہیں جبکہ مشین محلہ نمبر 1 تا جادہ تک نئی تعمیر ہونے والی سڑک بھی بھاری گاڑیوں کے گزرنے کیوجہ سے زمین میں دھنس رہی ہے۔

یہاں پر قابل ذکر بات یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سختی سے پابندی عائد کرنے کے بورڈ آویزاں کر رکھے ہیں جن پر ہدایات درج ہیں کہ اندرون شہر دن اور رات کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد ہے۔

ٹریفک پولیس، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، موٹر وہیکل ایگزمینر، تھانہ صدر، تھانہ سول لائن، تھانہ سٹی کی عدم دلچسپی کیوجہ سے شہر کی سڑکوں پر لوڈ ڈمپرز و بھاری گاڑیاں دوڑتی نظرآتی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کیوجہ سے سڑکیں ایک مرتبہ پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو چکی ہیں۔

شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل ڈی آئی جی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر بھاری گاڑیوں کے داخلے پرعائد پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کی سڑکیں محفوظ رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button