جہلم پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو اغواء کر کے زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کالا گجراں ملک نثار احمد اور ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ لڑکی کو اغواء کر کے زیادتی کرنے والا درندہ صفت ملزم عاطف کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تھا،کالا گجراں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 یوم میں ملزم عاطف کو گرفتار کر لیا۔ ملزم اور متاثرہ لڑکی کا میڈیکل بھی کروایا گیا ہے۔
ملزم عاطف نے جہلم کے علاقے کالا گجراں سے 24 ستمبر کو 16 سالہ مسیحی لڑکی اغواء کر کے اپنے 2 دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور لڑکی کو سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
لڑکی نے گھر پہنچ کر بتایا کہ اس کی رکشہ ڈرائیور سے فون پر دوستی ہوئی تھی، چرچ سے واپسی پر لڑکی رکشہ ڈرائیور کے ساتھ گئی اور رکشہ ڈرائیور نے ویران جگہ لے جا کر دوستوں کے ہمراہ اس سے زیادتی کی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ڈی پی او جہلم نے کالا گجراں پولیس کو شاباش دی۔