رگبی کے سابق میئر ماہر تعلیم برٹش پاکستانی جیمز شیرا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

لندن: رگبی کے سابق میئر ماہرتعلیم برٹش پاکستانی جیمز شیرا کادورہ قلب سے انتقال آبائی علاقے گجرانوالہ پنجاب میں تعطیلات گزارنے گئے تھے، آخری رسومات کے لیے میت برطانیہ لائی جائے گی ،جیمزشیرا نے ستارہ امتیازہ، قائداعظم ہلال ایوارڈ، ایم بی ای سمیت مختلف اعزازات حاصل کیے،ان کے انتقال پر کمیونٹی نے شدید دکھ کااظہارکیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رگبی کے سابق میئر ماہرتعلیم برٹش پاکستانی جیمز شیرا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے، ان کا انتقال اپنے آبائی علاقے گوجرانوالہ،پنجاب میں ہوا جہاں ان دنوں وہ تعطیلات گزارنے گئے ہوئے تھے ۔ ان کی آخری رسومات کے لیے میت کو برطانیہ لایا جائے گا۔

جیمز شیرا کا شمار ہمیشہ پاکستان کے سربلندی کیلئے کام کرنے والوں میں ہوتا تھا۔ 1988 میں وہ رگبی کے پہلے پاکستانی میئر منتخب ہوئے وہ لیبر گروپ کے 2005 سے 2022 تک لیڈر رہے۔ وہ مسلسل 10 مرتبہ کونسلر بھی منتخب ہوئے، وہ ہمیشہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقاتا کو بہتربنانے کیلئے سرگرم رہے۔ 1992 میں صدر پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

این ایچ ایس اور کمیونٹیزکے لیے خدمات پر ملکہ برطانیہ نے 2007 میں ایم بی ای کے اعزاز سے نوازا۔ چیئر آف دی کونسل آف فیلوز آف وارکشائر کالج کے لیے اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں رگبی کی ایک سڑک کا نام کونسل نے ’’جیمز شیرا وے‘‘ کے نام سے موسوم کیا۔ 2010 میں یونیورسٹی آف بیڈفورد شائر نے انہیں بزنس اینڈ ایڈمنسٹریشن کی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی، 2017 میں انہیں فریڈم آف دی برا آف رگبی کا اعزاز دیا گیا۔

2021 میں فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی لاہور پاکستان نے انہیں آرٹس اینڈ لیٹریچر میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی عطا کی۔ مارچ 2023 میں صدر پاکستان نے انہیں قائداعظم ہلال ایوارڈ سے بھی نوازا۔ جیمز شیرا کے انتقال پر پاکستانی کمیونٹی نے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

برنیٹ کونسل کے ڈپٹی میئر کونسلر طارق ڈار نے کہا کہ جیمز شیرا پاکستان کےسچے سپوت تھے وہ ہمیشہ پاکستان کی نیک نامی کیلئے سرگرم رہے، پاکستان میں مسیحیوں کے خلاف اگر کوئی واقعہ ہوتا تو وہ ہمیشہ برطانیہ میں آباد مسیحی کمیونٹی کے جذبات کو ٹھنڈا کرتے نظر آتے۔ انہوں نے کہاکہ جیمز شیرا کے انتقال سے ہم ایک اچھے دوست سے محروم ہوگئے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنرنے ڈاکٹر جیمز مسیح شیرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کا ہے۔ ایک بیان میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اکٹر جیمز شیرا کی موت نے پاکستان اور برٹش پاکستانی کمیونٹی کو ایک سچے دوست اور رہنما سے محروم کردیا ہے۔

ڈاکٹر جیمز شیرا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی دیانتدار ، محنتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیکر تھے، وہ بین المذاہب تمام کمیونٹیز میں یکساں مقبول اور قابل احترام تھے۔ وہ پاکستان اور برٹش پاکستانی کمیونٹی کے تادم مرگ دوست رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button