جہلم: بجلی اور گیس کے بلوں نے صارفین کی کمر توڑ دی ہے، شہری و سماجی حلقے

جہلم: بجلی اور گیس کے بلوں نے صارفین کی کمر توڑ دی، صارفین کو ایک وقت کی روٹی کے لالے پڑ گئے، حکمران سب اچھا ہے کا راگ آلاپ رہے ہیں، ہر طرف مہنگائی کا اژدھا عوام کو نگل رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارا دن بجلی گیس بند رہنے کی وجہ سے معاملاتِ زندگی بری طری متاثر ہوچکے ہیں ، چیزوں کے نرخ از خود بڑھائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے مصنوعی مہنگائی نے بھی عوام کو نگلنا شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہو چکا ہے اوپر سے بجلی اور گیس کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ اور بجلی و گیس کی بندش نے جلتی پر تیل کا کام شروع کررکھا ہے جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے افراد کا برا حال ہو چکا ہے لوگ مہنگائی کے ہاتھو ں پس رہے ہیں کوئی پرسان حال نہیں۔

عمائدین نے مزید کہا کہ سا را سا را دن بجلی اور گیس کی بندش نے شہریوں کو ذہنی طور پر مفلوج کرکے رکھ دیا ہے جس کی بدولت لوگ جو کہ پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہیں اوپر سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے دوہری پریشانی میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں ۔

شہریوں نے نگران وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ بجلی اور گیس کے بلوں کے اضافے کو واپس لیا جائے اور بلا تعطل بجلی و گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button