عابد علی بیگ کی تصنیف ’’قومی ترانہ، فارسی یا اردو‘‘ کی تقریب

لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں عابد علی بیگ کی تصنیف ’’قومی ترانہ، فارسی یا اردو‘‘ کے حوالے سے تقریب ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز احمد تھے۔ پاکستانی کمیونٹی کے نامور افراد، لندن میں مقیم شعرا اور اردو زبان سے شغف رکھنے والوں نے تقریب میں شرکت کی ۔مہمان خصوصی اور دیگر شرکا نے اس کاوش پر مصنف عابد علی بیگ کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز نے داد دیتے ہوئے کہا کہ عابد علی بیگ نے قومی ترانے جیسے اہم ترین موضوع پر تحقیق کر کے اور اس پر کتاب تصنیف کر کے قومی خدمت کی ہے۔ اس کتاب کی بدولت پاکستانیوں اور آنے والی نسلوں کو پاکستان کے قومی ترانے کے ہر حرف کے معنی واضح ہو جائیں گے، اب ہر پاکستانی فخر سے اپنے قومی ترانے کے ہر زاویئے اور مفہوم کو سمجھ سکے گا۔

عابد علی بیگ نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تقاریب کی بدولت برطانیہ میں اردو زبان کی ترویج اور اردو سے محبت کرنے والوں کو یکجا کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔

عابد علی بیگ کا تعلق لاہور سے ہے اور پیشہ کے لحاظ سے بینکار ہیں تاہم اخبار، ریڈیو، ٹیلیویژن اور ادب سے گہرا تعلق ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی کے بیشتر خاکے نوشت کئے۔ پاکستان، ہانگ کانگ، کینیا، جرمنی اور برطانیہ سے ادب کے فروغ اور خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button