گاڑی کے نچلے حصے میں چھپے 2 افراد کی امارات داخلے کی کوشش ناکام

شارجہ: متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی طریقے سے داخلے کی کوشش کرنے والے 2 افراد سرحد پر گاڑیوں کے نیچے چھوٹے ڈبوں میں چھپے پکڑے گئے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق 2 غیر ملکیوں نے 2 الگ الگ گاڑیوں کے پچھلے حصے میں نیچے نصب لوہے کے چھوٹے خانوں میں یو اے ای میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم شارجہ پورٹس، کسٹمز اور فری زونز اتھارٹی (SPCFZA) نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اتھارٹی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں افسران کو گاڑیوں کے پچھلے بمپرز کو توڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں غیر قانونی افراد گاڑیوں کے 2 فٹ کے ڈبے میں چھپے ہوئے پائے گئے، جن کے پاس متحدہ عرب امارات میں داخلے کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز نہیں تھی، جس پر گاڑیوں کے ڈرائیورز اور ان دونوں غیر قانونی افراد کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے متعلقہ قانونی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ایس پی سی ایف زیڈ اے میں ٹرمینلز اور بارڈر پوائنٹس کے امور کے ڈائریکٹر محمد ابراہیم الرئیسی نے بتایا کہ غہر ملکی شہریوں کی جانب سے غیرقانونی طریقوں سے ملک میں داخلے کی کوششیں اتھارٹی کے اہم خدشات میں سے ایک ہے، متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور ترقیاتی پیشرفت کے باعث لوگ اس سے متاثر ہوکر یہاں آنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شارجہ کسٹمز نے ایک جدید ترین نظام استعمال کیا ہے جو بندرگاہوں پر ہر قسم کی سمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ نظام قوم اور اس کے شہریوں کی سلامتی سے سمجھوتہ کرنے کی کوشش کرنے والے تمام افراد اور مجرمانہ نیٹ ورکس کا بھی مقابلہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button