دینہ کے علاقہ پنڈ جاٹہ میں 50لاکھ کی ڈکیتی کی واردات ، 8مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کے 20تولے طلائی زیورات ، 9لاکھ نقدی ، 3عدد قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اڑھائی بجے کے قریب 8مسلح ڈاکو دینہ کے نواحی علاقہ پنڈ جاٹہ کے رہائشی چوہدری ریاض ولد محمد ریاست کے گھر داخل ہو گئے اور سوئے ہوئے اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے گھر میں لوٹ مار شروع کر دی۔
ڈاکو گھر میں پڑے لاکھوں روپے مالیت کے 20تولے طلائی زیورات ، 9لاکھ کی نقدی اور 3عدد قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے ، ڈاکو بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ واردات کرنے میں کامیاب ہوئے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جہلم ، ایس ایچ او تھانہ دینہ محمد عمران اپنی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا اور ڈکیتوں کی تلاش شروع کر دی ، واردات کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔