جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہونے کے باوجود ضلع جہلم اور بین اضلاعی روٹس پرچلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کےکرایوں میں تاحال کسی قسم کی کمی نہ کی جاسکی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 15اکتوبر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کا اعلان کیا لیکن راولپنڈی ڈویژن کے ضلع جہلم میں تاحال انتظامیہ کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کروانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
بااثر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے مسافروں سے من مرضی کے کرائے وصول کررہے ہیں اور انتظامیہ عوام کی بے بسی کاتماشہ دیکھ رہی ہے۔
جہلم تا منڈی بہاؤالدین، جہلم تا لاہور، جہلم تا راولپنڈی، جہلم تاگجرات، جہلم تا پنڈدادنخان، دینہ تا ڈومیلی، دینہ تا بڑاگواہ، دینہ تا پدھری، دینہ تا سوہاوہ، جہلم تا چکری راجگان، جہلم تا خلاص پور، جہلم تا سنگھوئی ، جہلم تا چوٹالہ، جہلم تامیرپور، جہلم تادینہ، جہلم تامنگلا، جہلم تافیصل آباد، جہلم تاجوہرآباد سمیت دیگر روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پھوٹی کوڑی کی بھی کمی نہیں کی گئی۔
مسافروں نے نگران وزیراعلی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرائے ناموں فی مسافر فی کلو میٹر کے حساب سے ضلع جہلم میں کرایے مقرر کرنے کا مطالبہ کیاہے۔