جہلم: محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر تحصیل دینہ ضلع جہلم میں ویلیج تھیٹر/اصلاحی پتلی تماشا کا انعقاد اے ڈی پی سکیم ایڈووکیسی کمپین کے تحت کیا گیا۔
محمد افضل ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور احمد بخش پرنسپل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دینہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
مہمانان خصوصی نے پتلی تماشا کے روایتی تھیٹر کے فروغ کے لیے رفیع پیر تھیٹر اور محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک مستقبل میں جاری رہے گا جو معاشرے میں صحت مند تبدیلی کا باعث ہوگا۔
اس موقع پر حسن خالد وڑائچ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحی پتلی تماشا کے انعقاد کا مقصد خاندان کو درپیش مسائل جن میں ماں بچے کی صحت،بیٹیوں کی تعلیم اور صحت کی اہمیت،وسائل اور ضروریات میں عدم توازن، صنفی امتیاز اور فیصلہ سازی میں خواتین کی عدم شرکت جیسے مسائل کو نہایت ہی خوبصورت اور دلکش انداز میں عوام الناس کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ ان معاشرتی مسائل کو حل کیا جاسکے۔
حسن خالد وڑائچ نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دینہ کے پرنسپل، سٹاف اور طلباء کو پتلی تماشا تھیٹر میں بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔