ضلع جہلم میں سیاسی دنگل سج گیا، مسلم لیگ (ن) کئی حصوں میں تقسیم ہو گئی، عام انتخابات میں ٹکٹ کے حصول کیلئے امیدواروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
ضلع جہلم کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقہ امیدواروں نے میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور جلسہ میں شرکت کے لیے بڑھ چڑھ کر ووٹرز ، سپورٹرڑ اور گاڑیاں لے جانے میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی، مسلم لیگ ن کے دھڑوں کی ضلعی قیادت نے نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول دیئے۔ پارٹی رہنماؤں اور ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں نے اپنے ڈیروں پر عوام کے لیے دیگوں کے منہ کھول دیے اور خوب بریانی کھلائی۔
اس کے علاوہ پورے حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ حاصل کرنے کی جنگ لگ چکی ہے، یہ جنگ گزشتہ کئی سالوں سے چھڑی ہوئی تھی لیکن اپنی دھرتی اپنا راج کے روح رواں چوہدری عابد جوتانہ کی ن لیگ میں انٹری نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے جس پر مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی نے بھی ن لیگ سے باہر والے مخالف دھڑوں اور گروپوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔
مسلم لیگ ن میں چوہدری عابد جوتانہ کی انٹری سے ظاہر ہو رہا ہے کہ وہ حلقہ این اے 60 جہلم سے ٹکٹ کے امیدوار سابق ایم این اے و سابق ضلع ناظم جہلم چوہدری فرخ الطاف کی طرح مشروط طور پر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے استقبال میں شرکت کے لیے جانے والے ایک دھڑے کی قیادت چوہدری عابد جوتانہ نے کی جس میں مسلم لیگ ن کے صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے امیدوار کرنل (ر) سید زاہد حسین شیرازی موجود تھے۔
اسی طرح جس دھڑے کی قیادت سابق ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی نے کی اس میں صوبائی اسمبلی کے ٹکٹ کے امیدوار سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود للِہ تھے جبکہ حلقہ پی پی 26 پنڈدادنخان سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے امیدوار بیرسٹر چوہدری محمد تیمور نواز جٹ کے بہت بڑے قافلے کی سربراہی مسلم لیگ ن ضلع جہلم کے رہنما چوہدری ندیم خادم گھرمالہ نے کی۔
اس حلقہ سے ایم پی اے کے چوتھے امیدوار چوہدری ناصر جاوید وڑائچ نے بھی بھرپور طریقہ سے لاہور جلسہ میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے کارکن رہنما اور ن لیگ کے ٹکٹ کے پانچویں امیدوار راجہ جواد جالپ کسی مجبوری کے باعث شرکت نہ کر سکے تا ہم اس حلقہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے لاہور جلسہ میں شرکت کی۔
رہنما مسلم لیگ ن بلال کیانی کی زیر قیادت این اے 60 جہلم سے قافلہ قائد نوازشریف کے استقبال کیلیے لاہور کی جانب رواں دواں #خوش_آمدید_نوازشریف pic.twitter.com/vheVMghLvO
— PMLN (@pmln_org) October 21, 2023
مسلم لیگ (ن) کی صورتحال حلقہ این اے 61 جہلم ٹو اور حلقہ پی پی 26 کے علاوہ حلقہ این اے 60 اور حلقہ پی پی 24،25 میں بھی کچھ مختلف نہیں۔ حلقہ این اے 60 سے بلال اظہر کیانی، چوہدری ندیم خادم ، چوہدری فرخ الطاف، مہر فیاض اور راجہ اویس خالد نے نواز شریف کیلئے کے استقبال کیلئے الگ الگ قافلے لےکر گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے چاروں دھڑوں کی ضلعی قیادت نے اپنے قائد نواز شریف کے استقبال کے لیے اور لاہور میں جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے کرایے پر ورکر جمع کرنے کے لیے نوٹوں کی بوریوں کے منہ کھول دی تھیں۔ کسی نے پانچ ہزار روپے دیئے تو دوسرے نے برتری حاصل کرنے کے لیے 10 ہزار روپے بمعہ کھانا پینا دیہاڑی دی۔
اپنے اپنے جلوسوں کی رونق بڑھانے، نواز شریف اور مرکزی قیادت کو خوش کرنےاور ان کی نظر میں اپنی کارکردگی اور ایم این اے اور ایم پی اے کے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے چاروں تحصیلوں سے لوگوں کو جمع کرکے دس ہزار روپے اور بریانی کی لالچ دے کر اپنے اپنے گروپ کی پارو شو کی۔