پنڈدادنخان: پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی کے باوجود تحصیل پنڈدادنخان میں مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا۔ دکانداروں اور ٹرانسپورٹر حضرات نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کررکھے ہیں، ذمہ داران خودساختہ مہنگائی روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ شہریوں کی اعلی حکام سے اپیل۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کی دوسری بڑی تحصیل پنڈدادنخان میں خود ساختہ مہنگائی کا طوفان برپاہے، حکومت کی جانب سے عوام کو سبسڈی دینے کے لیے اشیاء ضرریات میں کمی تو کی گئی لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہو پارہا ۔ پھل سبزیوں اور گوشت کے ہر دکاندار نے الگ الگ ریٹ مقرر کر رکھے ہیں جبکہ تحصیل بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور گھی کی قلت پائی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انکو سستی اشیاء میسر نہیں ہیں، حکومت نے اگر اشیاء ضرروریات میں کمی کی ہے تو ان کی فراہمی اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے عملی اقدامات بھی کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے جبکہ دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹرز حضرات تاحال من مرضی کے کرائے وصول کررہے ہیں جس کے باعث عوام شدید ذہنی ازیت میں مبتلا ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پٹرول ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹر من مرضی کے کرائے بڑھا دیتے ہیں جبکہ پنڈدادنخان میں ٹرانسپورٹ کے حالات ابتر ہیں کھٹارا گاڑیوں والے بھی دھڑلے سے من مرضی کا کرایہ وصول کررہے ہیں۔
شہریوں نے تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کی ٹیم کو بتایا کہ دکاندار اشیا خوردونوش اور پھل سبزیوں کے من مانے ریٹ وصول کررہے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز حضرات بھی مرضی کا کرایہ وصول کررہے ہیں۔ شہریوں نے اعلی حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود ساختہ مہنگائی پر قابو پانے کے موثر اقدامات کئے جائیں۔