جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق کی ہدایت پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایہ جات میں نمایاں کمی، کرائے 10 سے 17 فیصد کم کر دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چالیس روپے کمی کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹرز یونین کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹرز نے حالیہ ریلیف عوام تک منتقل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری آر ٹی اے کی زیر نگرانی ضلع جہلم اور گرد و نواح جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے نیا کرایہ نامہ جاری کیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد تمام روٹس کے لئے نیا کرایہ نامہ جاری کردیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کرایوں میں 17 فیصد تک کمی کر دی گئی۔ pic.twitter.com/JUs2uu7Xdl
— Deputy Commissioner Jhelum (@dcjhelum) October 19, 2023
نئے کرایہ جات کے مطابق جہلم سے راولپنڈی 500 کی بجائے 450، گجرات اور منڈی بہاؤالدین 300 کی بجائے 250، سرگودھا 800 کی بجائے 700، منگلا 100روپے، پی ڈی خان 600 کی بجائے 500، گوجر خان 220 کی بجائے 190، پنڈدادنخان سے راولپنڈی 800، پنڈدادنخان سے لاہور 900، للِہ سے سرگودھا 400، جلالپور شریف سے راولپنڈی 900 اور سرگودھا 700 ہو گا۔
اسی طرح ضلع بھر کے مسافروں کو دس سے سترہ فیصد رعایت ملے گی۔ زائد کرایہ جات کی وصولی پر آر ٹی اے اور ضلعی انتظامیہ کارروائی کی مجاز ہو گی۔