نوازشریف ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں روکا گیا تھا، بیرسٹرامجد ملک

مانچسٹر: مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد نے کہاہے کہ نوازشریف ترقی کاسفروہیں سے شروع کریں گے جہاں روکا گیا تھا آنے والا وقت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خوشیوں کی نوید لائے گا۔

مسلم لیگ ن جرمنی کے وفد نے محمد عنصر بٹ جنرل سیکرٹری کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ تین رکنی وفد میں محمد عنصر بٹ کے ساتھ مسلم لیگ ن برلن کے صدر ، سینئر مسلم لیگی کارکن اعجاز احمد بٹ اور برلن کے سیکرٹری جنرل برلن مرزا بشارت حسین شامل تھے ۔

بیرسٹر امجد ملک نے وفد کو خوش آمدید کہا اور مسلم لیگ ن جرمنی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ آنے والا وقت اوورسیزپاکستانیوں اور پاکستان کے شہریوں کیلئے خوشیوں کی نوید لائے گا ۔قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی پاکستان آمد سے سیاسی تجربات کے موسموں کا وقت تمام ہوا، اب سنجیدہ، تجربہ کار سیاستدان ملک کی خدمت کا سلسلہ وہیں سے شروع کریں گے جہاں توڑ دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اسحٰق ڈار اور جنرل سیکرٹری نورالحسن تنویر کی قیادت میں اوورسیز پاکستانی یونٹ پہلے سے مضبوط توانا اور متحرک ہے ،آنے والا وقت اوورسیز کا ہے اور آپ سب کی گزارشات ،سفارشات اور مطالبات شامل حال ہیں ۔

عنصر بٹ نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن اور اس کے قائد کے نظریے کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے اور انتخابات میں اپنے ووٹر کو گھر سے نکالیں گے اور مسلم لیگ ن کے امیدواران کی بھرپور حمایت کریں گے۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ برلن مسلم لیگ ن کا ہے اور رہے گا، ہم نے اس وقت وہاں مسلم لیگ ن اور پاکستان کا پرچم بلند کیا جب ملک میں مسلم لیگ ن کیلئے مشکلات تھیں۔ لیڈرشپ کے اگلے وزٹ کیلئے مسلم لیگ ن برلن منتظر ہے، ہم قائد مسلم لیگ ن کا والہانہ استقبال کریں گے ۔

مرزا بشارت حسین نے بھی اپنی لیڈرشپ کیساتھ کھڑے رہنے کا عہد کیا اور مسلم لیگ ن کی حمایت کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button