جہلم: تحفظ ختم نبوت ﷺ اور ناموس صحابہ ہماری دعوت کا بنیادی نکتہ ہے، یہ دونوں ہی ہمارے ایمان کا جزو لا ینفک ہیں۔
ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے 40ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و تقریب صحیح بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل انسانوں کی صف سے نکل کر وحشی درندہ بن چکا ہے اور اخلاق و تہذیب کا درس دینے والا یہ مغرب اب خود حقوق انسانیت کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔اسرائیل دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد ہے اور اس کے اتحادی اس ظلم میں برابر کے شریک ہیں۔
مفکر اسلام اور محدث العصر پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی نے کہا کہ امام بخاری رحمہ اللہ محدثین کرام میں ایک تابندہ و درخشندہ ستارہ ہیں۔ جنہیں محدثین کرام میں بہت بلند مقام حاصل ہے۔ ان کی کتاب ”صحیح بخاری شریف“ تمام کتب احادیث میں امتیازی مقام رکھتی ہے۔ جس میں آپ نے بڑی جانچ پھٹک کے ساتھ صحیح احادیث کا خوبصورت مجموعہ ترتیب دیا۔
جامعہ علوم اثریہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری نے کہا کہ الحاد کے فتنے کے ساتھ آج انکار حدیث کا فتنہ بھی پورے عروج پر نظر آتا ہے، دینی تعلیمات سے صحیح طور پر ناآشنا بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ شاید مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے صرف قرآن ہی کافی ہے،لیکن حقیقت یہ ہے کہ احادیث نبویہ کو نظر انداز کرکے کوئی بھی شخص راہ ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں الحاد، جدیدیت، انکار حدیث، مادہ پرستی، توہین صحابہ اور ختم نبوت کے حوالے سے کئی ایک فتنے سر اُٹھا رہے ہیں، جن سے ہمیں ہر وقت بیدار رہنا چاہیے۔
مولانا خلیل الرحمن جاوید آف کراچی نے کہا کہ مدارس اسلام کی چھاؤنیاں ہیں اور یہاں سے اسلام کے محافظ اور جرنیل پیدا ہوتے ہیں۔ گمراہی و ضلالت سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ تمام نظریات میں ہم اپنے اسلاف کا راستہ اختیار کریں۔ صحابہ کرام اسلام کے اولین پاسبان ہیں، ان کے بارے میں زبان طعن دراز کرناحقیقت میں ذخیرۂ حدیث پر اعتراض کرنا ہے جو کہ اللہ کی وحی پر اعتراض کرنے کے مترادف ہے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے سر پرست اعلیٰ مولانا سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ صحابہ کرام سے محبت اور ان کا دفاع ہمارا ایمان ہے، ہم ملک میں اصحاب رسول کی گستاخی کسی طرح برداشت نہیں کریں گے۔
مولاناپروفیسر عبدرالرزاق ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا و آخرت کی فلاح رسول کائنات کی اطاعت و فرماں برداری میں رکھی ہے۔
مولانا شفیق خان پسروری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاں قرآن کریم کی حفاظت کاذمہ لیا ہے وہیں پر حدیث کی حفاظت کا بھی ذمہ اُٹھا رکھا ہے۔ قرآن کی طرح حدیث بھی وحی الٰہی ہے اور حدیث کی حجیت مسلمانوں کے ہاں مسلمہ ہے۔
مولانا طیب الرحمن زیدی نے کہا کہ انسانیت کا سب سے ظلم اور ناانصافی اللہ رب العزت کی ذات کے ساتھ شرک کرنا ہے،توحید کی ترویج معاشرے میں امن و سلامتی اور رحمت الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ اہل حدیث یوتھ فورس پنجاب کے صدر مولانا قسیم شیخوپوری نے کہا کہ ختم نبوت کے منکر مرزا قادیانی کی موت دنیا کیلئے عبرت ہے اور صحابہ کرام کی گستاخی پر ملک میں سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔
سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مدیر الجامعہ حافظ أحمد حقیق،حافظ عبدالغفور مدنی اور مولانا عکاشہ مد نی نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر جامعہ سے سند فراغت اور مختلف انعامی مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں اسناد و انعامات تقسیم کیے۔
اس تقریب صحیح بخاری شریف اور جلسہ تقسیم اسنادمیں جہلم کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، میرپور آزاد کشمیر، گوجر خان، کلرسیداں، دولتالہ اور دیگر علاقوں سے بھاری تعداد میں لوگوں نے قافلوں کی صورت میں جوق در جوق شرکت کی۔