کشمیر کی آواز ایوانوں میں بلند کرتے رہیں گے، افضل خان ایم پی

اسٹاک ہوم: یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سفارتخانہ پاکستا ن برائے سویڈن کی جانب سے ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سید غلام نبی فائی، برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان، بیرسٹر امجد ملک سمیت سویڈن کی مقامی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

ویبینار میں مسئلہ کشمیر کے ساتھ فلسطین کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔تقریب کا موضوع کشمیر اور فلسطین پر بے جا تسلط تھا۔ سید غلام نبی فائی کی جانب سے مذمتی قرارداد پیش کی گئی۔

اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کا کہنا تھا کہ ہم عرصہ دراز سے کشمیر کی آواز ایوانوں میں بلند کرتے آرہے ہیں اور یہ سفر اس وقت تک ختم نہ ہوگا جب تک کشمیری عوام کو ان کا حق نہیں مل جاتا۔ بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کیلئے فقط ایک دن نہیں ہم ہر روز اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تقریب سے سویڈن کے سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کے سربراہان نے بھی خطاب کیا۔ کشمیر کونسل سویڈن کے صدر تیمور عزیز، چیئرمین چوہدری ظفر نے اپنے ادارے کی جانب سے سویڈن میں ہونے والی کاوشوں کے بارے میں بتایا۔

پاکستانی نژاد میئر سارا کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے بھرپور کوشاں ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق میسر آسکے۔

پاکستان پروموشن نیٹ ورک کے سربراہ زبیر حسین نے کہا کہ سویڈن میں ہر روز سڑکوں پر آوازیں گونجتی ہیں کہ فلسطین کی حمایت اور ان کے حق میں آواز اٹھانے کیلئے مسلمان ہونا ضروری نہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فقرہ کشمیر کیلئے بھی لاگو ہوتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر سعید شیخ نے مذمتی بیان ریکار ڈ کروایا۔

سفارتخانے کی جانب سے کشمیر کےحوالے سے ایک ویڈیودستاویز بھی پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سویڈن میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کی کہ کشمیرکے حوالے سے سویڈن میں جدوجہد جاری رکھیں کیونکہ سویڈن دنیا بھر میں انسانی حقوق کا علمبردار ملک جانا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button