جہلم: پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن ردی کی ٹوکری میں، ون ڈش کی خلاف ورزیاں کرنے والے میرج ہالز مالکان کی موجیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں قائم ، شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیوں میں نصب درجن سے زائد ڈیشز سے مہمانوں کی تواضع فیشن بن گئی ۔ شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیزکی انتظامیہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات ون ڈش کی خلاف ورزیاں کرنے میں مصروف ہے ۔ جس کی وجہ سے ون ڈش کے قانون پر عملدرآمد کروانا ایک خواب بن چکا ہے۔
شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیوںمیں ون ڈش کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں دیدہ دلیری کے ساتھ جاری ہیں ، جو وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کو کھلم کھلا چیلنج کر رہی ہیں۔
دوسری جانب مضافاتی علاقوں میں قائم شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیوں میں ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ تاہے، جبکہ رقص و سرور کی محفلیں بھی سجائی جاتی ہیں ۔ ساؤنڈ سسٹم و گیتوں کی جھنکار نے اڑوس پڑوس کے مکینوں کے گھروں کی نیند یں حرام کر رکھی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر پابندی کروانے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سنجیدگی سے کام نہیں کررہے جس کی وجہ سے غریب ، سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے والدین کے لئے مشکلات درپیش ہیں ۔
شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔