سلاؤ: میلاد النبی ﷺ منانے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم زندگیوں میں سنت رسولﷺ اور آپﷺ کی تعلیمات پر مکمل عمل کریں، دنیا اور آخرت کی کامیابی دین اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے سے ملے گی، ہمیں دنیا کی لالچ اور خواہشات سے نکل کر سنت رسولﷺ کو اپنانا ہوگا تاکہ ہمیں دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے۔
ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین خطیب اعظم دربار عالیہ کھڑی شریف علامہ مفتی محمد زبیر نقشبندی نے سلاؤ میں سابق کونسلر چوہدری منور چیچی اور ان کے دوستوں کی طرف سے میلاد النبیﷺ کی بہت بڑی محفل سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے ہم پر احسان عظیم فرمایا کہ ہم محمد ﷺ کے امتی ہیں جو دونوں جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے آئے ممتاز عالم دین علامہ لیاقت اظہری اور سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ چوہدری ابراہیم ضیا نے اظہار خیالات کرتے ہوئے میلاد النبیﷺ تقریبات کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات ہمارے لئے دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ جیسی مصروف زندگی میں سیکڑوں افراد نے میلاد النبیﷺ کے پروگرام میں شرکت کر کے نبی پاکﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ہے، میلاد النبی ﷺہمیں اخوت، بھائی چارہ، نفرتوں، تلخیوں کو ختم کرنے کا درس دیتا ہے،ہمیں مل کر عہد کرنا ہے کہ ہم نبیﷺ کی سنت اور تعلیمات پر عمل کریں گے۔
محفل میں قاری قومی اسمبلی و سینیٹ پاکستان ڈاکٹر محمد یونس نے قرآن پاک کی تلاوت کر کے سماں باندھ دیا۔ زوالفقار علی وارثی نے انگلش میں خطاب کر کے نوجوان نسل کو سیرت رسولﷺ سے روشناس کرایا۔ بیرسٹر قاری محمد منیر، چوہدری جمیل، عیسیٰ چوہدری سمیت دیگر نے نعت رسول مقبول ﷺ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
آخر میں شرکا نے نبی پاکﷺ کی بارگاہ ہدیہ درود وسلام پیش کیا۔ علامہ لیاقت اظہری اور علامہ مفتی محمد زبیر نقشبندی نے دعا کرائی۔ محفل کی صدارت حافظ محفوظ گجر نے کی ،اسٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ حافظ اسرار احمد نےانجام دیئے۔
محفل کے انتظامات سابق میئر سلاؤ کونسلر چوہدری نذیر، چوہدری ظفر اقبال، چوہدری الیاس، چیئرمین برٹش پاکستانیز سوشل سوسائٹی قیصر چیچی، میاں عجائب، چیئرمین چوہدری شبیر، زاہد چوہدری، معظم چیچی، چوہدری جمیل ،چوہدری مظہر نے کئے تھے۔